دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران عراق کے ساتھ ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران عراق کے ساتھ ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی سے ملاقات کے دوران عراق میں حکام کی درایت، عوام کی مسلسل فداکاری اور مرجعیت کی مدبرانہ رہنمائیوں کو مسائل کے حل میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق میں دہشت گردی کے خلاف مہم اور اتحاد و یکجہتی کی تقویت نیز اس ملک کی ارضی سالمیت کے تحفظ میں ہمیشہ عراقی حکومت اور قوم کے ساتھ رہا ہے اور عراق کے لئے ایران کی یہ حمایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔صدر مملکت نے عراقی کردستان کے مسئلے میں بغداد حکومت کی منطق کو قابل غور قرار دیا اور کہا کہ عراق کی تقسیم کی سوچ اور دہشت گردی کا مقابلہ بدستور جاری رہنا چاہئے کیونکہ یہ چیزیں عراق کے قومی وفاق اورارضی سالمیت کو نقصان پہنچاسکتی ہیں - ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور عراق تمام شعبوں میں اپنے تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔اس ملاقات میں عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی ایران اور عراق کے تعلقات کو دوستانہ قرار دیا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات و تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔انھوں نے اسی طرح عراق کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام کو اپنی یکجہتی کا تحفظ کرتے ہوئے ملک کے خلاف تیار کی جانے والی تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا۔