Oct ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • دفتر خارجہ کے ترجمان کی پریس کانفرنس

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران، روس اور آذربائیجان کے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں دوطرفہ معاملات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور باہمی تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

پیر کے روز ہفتہ وار پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران میں ہونے والا سہ فریقی اجلاس ان مسائل اور معاملات کے جائزے اور صلاح و مشورے کا بہترین موقع فراہم کرے گا کہ جن کا نہ صرف تینوں ممالک بلکہ پورے خطے کو سامنا ہے۔
شام کے بارے میں قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں پیر سے شروع ہونے والے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بہرام قاسمی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران، روس اور ترکی کے درمیان اتفاق رائے کا حصول ضروری ہے جس کی بنیاد پر شامی عوام کو امداد کی فراہمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کا راستہ ہموار ہوسکے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام میں باردوی سرنگوں کا پتہ لگانے اور ان کا صفایا کرنے نیز قیدیوں کے تبادلہ کو آستانہ امن مذاکرات کے موجودہ دور کا اہم ایجنڈا قرار دیا۔
بہرام قاسمی نے یمن میں حوثیوں کے لیے ایران کی حمایت کے سعودی الزامات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام کو دوسروں پر الزام تراشی کی عادت پڑ گئی ہے اور وہ رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے اپنی مشکلات کا الزام دوسرے کی گردن پر ڈال رہے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یمن کا معاملہ پوری طرح سے واضح ہے اور جارح ملک کسی کی بھی نظروں سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ یہ کون ہے جو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
بہرام قاسمی نے اقوام متحدہ میں سعودی مندوب کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام علاقائی اور عالمی بحرانوں کو دیکھتے ہوئے فرضی دشمن تراشنے میں مصروف ہیں اور علاقے میں ایران سے خوف پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بعض ملکوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں روڑے اٹکائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی وزارت خارجہ جامع ایٹمی معاہدے کے خلاف امریکی اقدامات کو ناکام بنانے اور امریکی کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹیگس