امریکی خارجہ پالیسی بد نیتی پر استوار ہے، محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی بد نیتی پر استوار ہے۔
ایران کی پارلیمانی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اقتدار میں آنے بعد سے امریکہ نے اپنی خارجہ پالیسی کو بد نیتی پر استوار کر رکھا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ عالمی قوانین کی رو سے، عالمی معاہدوں پر نیک نیتی کے ساتھ عمل نہ کرنے والے امریکہ جیسے ممالک عدم نیک نیتی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
انہوں نے ایٹمی معاہدے پر علملدرآمد کے بارے میں امریکی کانگریس کے فیصلوں کے ممکنہ اثرات کے بارے میں کہا کہ اگرچہ امریکہ کے اندرونی قوانین کا تعلق خود اس ملک سے ہے مگر اس لحاظ سے یہ معاملہ انتہائی اہم ہے کہ عالمی برادری کے نقطہ نگاہ کے مطابق حکومت امریکہ، عالمی قوانین پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ تہران بھی امریکی کانگریس کے فیصلوں کو سامنے رکھتے ہوئے لازمی اقدامات انجام دے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ امریکہ صورتحال کو کشیدہ بنانے اور ایران کو جامع ایٹمی معاہدے کے فوائد حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے جو جامع ایٹمی معاہدے کے منافی ہے۔