ایران کے خلاف امریکی الزامات کی تردید
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے القاعدہ کے ساتھ تعلقات کے امریکی الزام کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کر دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف القاعدہ دہشت گرد تنظیم کی مالی مدد کے حوالے سے بے بنیاد الزام کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ بد نام زمانہ امریکہ کی انٹیلی جینس ایجنسی سی آئی اے نے جعلی دستاویزات جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ القاعدہ دہشت گرد تنظیم کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے موقع پر ان کو یہ دستاویزات ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ القاعدہ کے ساتھ ایران کے رابطے رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیا اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ ایران نے ہمیشہ داعش، القاعدہ اور طالبان جیسے دہشت گرد گروہوں کے خاتمے سے متعلق شفاف موقف اختیار کیا ہے۔
امریکی سی آئی اے نے ایسے وقت میں القاعدہ اور ایران کے روابط کے حوالے سے دعوی کیا کہ نائن الیون کے حملوں میں ملوث انّیس افراد میں سے پندرہ افراد کا تعلق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے القاعدہ دہشت گرد گروہ سے تھا۔
واضح رہے کہ دہشت گردی کے مرکز کی حیثیت سے سعودی عرب اس لعنت کا دائرہ پھیلانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے اور امریکہ کی من گھڑت اور جعلی دستاویزات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کے پیٹرو ڈالر اپنا اثر دکھا رہے ہیں۔