Nov ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستانی آرمی چیف کی سپاہ پاسداران کے سربراہ سے ملاقات

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ملکوں کے درمیان عسکری اور دفاعی تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

منگل کے روز تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان دوستی کے رشتے بہت مضبوط ہی ہیں۔

میجر جنرل محمد علی جعفری نے دین اسلام کو ایران وپاکستان کے عوام کے درمیان اتحاد کا اہم ترین عامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ، امت مسلمہ اور خطے کے ملکوں کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور خباثتوں کے باوجود ایران اور پاکستان کے تعلقات ماضی کے مقابلے میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک اور قوموں کو کسی نہ کسی طرح سے امریکہ اور صیہونی حکومت کی دشمنی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دشمن کے مقابلے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور اپنے دفاعی اور عوامی مزاحمتی تجربات پاکستان کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔پ

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے اس موقع پر دشمنوں کی ان سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جو وہ پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی غرض سے انجام دے رہے ہیں، کہا کہ دشمن کی تمام تر سازشوں اور تفرقہ انگیز اقدامات کے باوجود ان کاملک ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خطے کی مسلم اقوام کے لیے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اقدامات اور امداد کو دیکھنے کے بعد وہ پہلے سے بھی زیادہ اس ادارے سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تر خطرات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران دنیا میں بہترین پوزیشن کا حامل ہے۔

قبل ازیں منگل کی شام پاکستانی فوج کے سربراہ نے اعلی رتبہ فوجی وفد کے ہمراہ تہران میں انقلاب اسلامی اور دفاع مقدس میوزیم کا دورہ کیا ہے۔انقلاب اسلامی اوردفاع مقدس میوزیم پہنچنے پر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلے گمنام شہدا کی یادگار پر حاضری دی اور شہیدوں کو سلوٹ کیا۔اس موقع پر ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ انقلاب اسلامی اور دفاع مقدس میوزیم کا قیام حیرت انگیز ہے جو اسلامی انقلاب کی جدوجہد اور کامیابی کی داستان سموئے ہوئے ہے۔پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے اتوار کی شب تہران پہنچے تھے۔

ٹیگس