زلزلہ کی تباہی پر عالمی رہنماؤں کا اظہار ہمدردی
ایران اور عراق میں زلزلے کے حادثے پر عالمی رہنماؤں نے تعزیتی پیغامات ارسال کئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران و عراق میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے اس عالمی ادارے کی آمادگی کا اعلان کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے ایک بیان میں ایران و عراق میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور امدادی کارروائیوں میں شمولیت کے لئے انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ اور اس کے کوآرڈینیٹر دفتر کی آمادگی کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ایران میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر دفتر کے سربراہ گری لوئیس نے اپنے ٹویٹ میں ایران کے مغربی علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ زدگان کی ہر ممکن امداد کیلئے اقوام متحدہ کی آمادگی کا اعلان کیا۔
یورپی یونین کےشعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں ایران اور عراق میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین زلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں میں مدد دینے کے لئے تیار ہے ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایران اور عراق کے زلزلے سے متاثرین کو مدد پہنچانے کے لئے تیار ہے۔
جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں ایران میں زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات پر اپنے گہرے دکھ کا اظہاراور ایران کے صدر عوام اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان خود کو ایرانی عوام کے غم میں برابرکا شریک سمجھتی ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں زلزلے میں جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ و لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن تروڈو نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ایران و عراق میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
ناروے، کرویشیا ، لیتھوانیا ، جرمنی اور آرمینیا کی وزارت خارجہ نے اپنے پیغامات میں ایران اور عراق میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور عوام اور حکومتوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔