Dec ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  •  بعض ممالک ٹرمپ کی چھینک سے لرز اٹھتے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے علاقے کے بعض ملکوں کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے آس پاس کچھ ممالک ایسے ہیں جنھوں نے اپنی موت و حیات بڑی طاقتوں سے وابستہ کررکھی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے آس پاس کے کچھ ممالک ایسے ہیں جو یا تو نیٹوکے زیرسایہ زندگی بسر کر رہے ہیں یا انہوں نے ایٹمی طاقتوں کا سہارا لے رکھا ہے۔
وزیرخارجہ نے علاقے کے بعض ملکوں کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں نے اپنی موت و حیات کو بھی بڑی طاقتوں سے وابستہ کر رکھا ہے۔
وزیرخارجہ جواد ظریف نے ہفتے کو تہران میں انسانی حقوق سے متعلق ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کے بعض ممالک ایسے ہیں جو امریکی صدر ٹرمپ کی ایک چھینک سے بھی لرز اٹھتے ہیں اور ٹرمپ کی مسکراہٹ پر پھولے نہیں سماتے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ملکوں کی بنیادی طاقت ہیں ان کا کہنا تھاکہ انسانی حقوق اسلامی جمہوریہ ایران کے نزدیک بیحداہمیت کے حامل ہیں۔
وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ایران چونکہ ایک اسلامی ملک ہے اس لئے وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ حکومت کے اصل وارث عوام ہیں اور  اس نظام میں انسانوں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جا تا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کو ایران کے اسلامی جمہوری نظام کے لئے اسٹریٹیجک اقدار سے تعبیر کیا اور کہاکہ ایران کی موت و حیات انہی حقوق کی رعایت اور پاسداری سے وابستہ ہے۔
وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایران کی خارجہ پالیسی کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی بنیادی پالیسی اغیار سے وابستہ نہ ہونے اور دنیا کے مظلوموں کے دفاع پر استوار کر رکھی ہے۔

ٹیگس