Jan ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۱:۱۷ Asia/Tehran
  • حالیہ واقعات میں ملوث فسادیوں کی گرفتاری

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے حالیہ بدامنی کے واقعات میں ملوث بعض عناصر اور فسادیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

گزشتہ چند روز کے دوران ایران کے چند شہروں میں مہنگائی کے لئے ہونے والے احتجاج کے دوران مٹھی بھر افراد نے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی، نعرے لگائے اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔

امریکی حکام اور مغربی ذرائع ابلاغ نے اس قسم کے احتجاج سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے احتجاج کو توڑ پھوڑ اور بلوے میں بدلنے کی کوشش کی۔

ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اپنے بیان میں ایرانی عوام کی جانب سے شرپسند عناصر کو اپنی صفوں سے نکالنے کے اقدام کی قدردانی کی۔

اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پارلیمنٹ کے خصوصی کمیشنوں کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران  پچھلے چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور اجتماعات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عوام کی جانب سے اعتراض اور تنقید ایک موقع ہے نہ کہ خطرہ-

انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام قانون اپنے ہاتھ لینے والوں اور گڑ بڑ پھیلانے والوں کو خود جواب دیں گے-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عالمی سطح پر ایرانی عوام کی سیاسی کامیابی منجملہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد، علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح اور ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے تعلق سے امریکا کی شکست، ایرانی عوام سے امریکا اور علاقے کے بعض غاصب ملکوں کی دشمنی کی بڑی وجہ ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی اور دیگر اقتصادی مسائل کے بارے میں عوامی مظاہروں کوامریکا اور مغربی ذرائع ابلاغ نے بدامنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی۔

ٹیگس