Jan ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام اسلامی انقلاب کے چشمہ آزادی سے پوری طرح سے سیراب ہیں

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر کو جان لینا چاہیے کہ ایران کے عوام انیس سو اناسی کے اسلامی انقلاب کے چشمہ آزادی سے پوری طرح سے سیراب ہو رہے ہیں۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے امریکی صدر ٹرمپ کے ایران مخالف بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تم نے آزادی کا جھوٹا مجسمہ  نصب کر رکھا ہے اور قوموں کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہو۔
عبدالرضا رحمانی فضلی نے واضح کیا کہ یہ امریکہ ہے جس نے دنیا بھر میں گدائی، بدمعاشی اور جارحیت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور بے گناہوں کا خون بہانے کے علاوہ قوموں کی دولت و ثروت کو لوٹ کر لے جا رہا ہے لہذا امریکہ ہی بھوکا ہے اور اسے آزادی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے چند روز کے دوران اپنے کئی ایک ٹوئیٹ میں ایران کے داخلی امور میں مداخلت کرتے ہو‏ئے شرپسندوں اور بلوہ کرنے والوں کی کھلی حمایت کی ہے۔
ایرانی عوام کی کھلی توہین کرتے ہوئے انہیں دہشت گرد قوم قرار دینے والے ٹرمپ نے ایران میں مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ منافقانہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ملت ایران کی ایک بار پھر توہین کی اور انہیں قابل رحم بھوکی قوم قرار دیا۔
ادھر ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمال مغربی ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان کے شہر پیرانشہر میں دہشت گردوں کی ٹولی کے ساتھ جھڑپ کے بعد اس کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ٹولی، بم دھماکوں اور قتل و غارتگری کی غرض سے ملک میں داخل ہوئی تھی تاکہ اس طرح سے ملک میں جاری بلووں کو جاری رکھا جائے۔
بیان کے مطابق دہشت گردوں کی مذکورہ ٹولی نے ایک دیہاتی خاتون کو ڈھال بنا کر تعاقب کرنے والے سیکورٹی ٹیم پر فائرنگ بھی جس کے نتیجے میں تین سیکورٹی اہلکار شہید بھی ہوئے۔
وزارت انٹیلی جینس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ہونے والی جھڑپ میں چار دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ کلاشنکوف، میگزین، چار ہینڈ گرنیڈ، فوجی وردیاں، فوجی سامان سے بھرے بیگ، بدامنی پھیلانے کے نقشے اور دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اٹھائیس دسمبر کو ایران کے مختلف شہروں میں مہنگائی اور اقتصادی صورتحال کے خلاف پرامن مظاہرے کیے گئے تھے جس سے بعض مقامات پر ہونے والے مظاہرے بیرونی حمایت یافتہ شرپسندوں کے موقع پرستانہ اقدامات کی وجہ سے پرتشدد شکل اختیار کر گئے تھے۔

ٹیگس