ایرانی بحری بیڑا مشن مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گیا
ایران کا انچاسواں بحری بیڑا آزاد سمندری مشن کی تکمیل اور بحر ہند کے ساحلی ملکوں کی مشترکہ مشقوں میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندرعباس کے نیول بیس واپسی پر انچاسویں بحری بیڑے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اس موقع پر بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل حسین خانزادی نے ایرانی بحری طاقت اور صلاحیتوں کے مظاہرے کو کھلے سمندروں میں ایرانی بحریہ کی موجودگی کا اہم ترین مقصد قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ اپنی صنعتی اور سائنسی توانائیوں کے ساتھ آزاد سمندروں میں ایران کی طاقت اور تسلط کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہے۔
ایڈمرل حسین خانزادی نے سافٹ وار کی شکل میں، عالمی سامراجی طاقتوں کے خبیثانہ رویئے اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ایرانی بحریہ کے آزاد سمندری مشن سے خوش نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی بحریہ کا انچاسواں بحری بیڑا جس میں تباہ کن بحری جہاز سبلان اور بندر عباس نامی لاجسٹک بحری جہاز شامل ہیں، یکم نومبر کو آزاد سمندری مشن پر روانہ ہوا تھا اور اتوار کو واپس بندرعباس پہنچ گیا۔