Jan ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • برطانوی جریدے کی رپورٹ کذب محض ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ تہران اپنے میزائل پروگرام پر کسی سے مذاکرات نہیں کرے گا اور اس بارے میں یورپی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے برطانوی اخبار فائنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کی سختی کے ساتھ تردید کی کہ ایرانی حکام نے اپنے ملک کے میزائل پروگرام اور علاقائی مسائل پر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ میزائل ڈیفنس پروگرام کے بارے میں ایران کا موقف پوری طرح واضح ہے اور دیگر ممالک بھی ایران کے اس موقف سے بخوبی آگاہ ہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کہی کہ ایران کا میزائل پروگرام مکمل طور سے دفاعی اسٹریٹیجی پر استوار ہے اور کسی ملک خلاف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں کیے جانے والے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور اس قسم کے بے بنیاد دعووں سے ایرانی حکام کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے کسی بھی ملک کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت اور خاص طور سے میزائل ڈیفینس پروگرام پر اثر انداز ہونے کی ہر گز اجازت نہیں دے گا۔
بہرام قاسمی نے واضح کیا کہ خطے میں ایران کی پالیسیاں تعمیری ہیں اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدخواہوں اور انتہا پسندوں کو اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے ایران کی قربانیوں کو ضائع اور خطے میں دہشت گردی اور بدامنی کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

ٹیگس