Jan ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • وزارت خارجہ کے ترجمان کی ہفتہ وار پریس کانفرنس

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران میں وسیع تر سیاسی موضوعات منجملہ دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت ہو گی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ہمارے نمائندے کے اس سوال کے جواب میں کہ فرانس کے اس دعوے میں کتنی سچائی ہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ ایرانی حکام سے علاقے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور حزب اللہ لبنان اور یمن کی تحریک انصاراللہ کے لئے تہران کی حمایت کے بارے میں بات چیت کریں گے، کہا کہ فرانسیسی وزیر خارجہ کا دورہ تہران ایجنڈے میں شامل ہے لیکن اس دورے میں کن کن مسائل پر بات چیت ہو گی ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے-

ترجمان وزارت خارجہ نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے اس بیان کو مسترد کردیا کہ میزائل پروگرام کے بارے میں ایران سے پہلے بھی بات ہوئی ہے-

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے میزائل اور دفاعی معاملات پر کسی بھی ملک سے نہ تو بات کی ہے اور نہ ہی کرے گا- انہوں نے شام کے علاقے عفرین میں ترکی کی فوجی کارروائی کے بارے میں بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے شہر عفرین میں جاری صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے اس پر تشویش لاحق ہے-

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ ترک فوج کی یہ کارروائیاں فورا ختم ہو جائیں گی اور ترکی و شام کی سرحدوں پر بحران مزید شدت اختیار نہیں کرے گا-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ عفرین میں بحران جاری رہنے سے ممکن ہے کہ شام کے شمالی علاقوں میں تکفیری دہشت گرد گروہ پھر سے منظم ہو جائیں-

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں شام کے اندر جنگ کی آگ دوبارہ بھڑک سکتی ہے- ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ شام میں تباہ کن جنگ اور بحران کی جڑیں علاقے سے باہر کی بعض طاقتوں منجملہ امریکا اور اسرائیل جیسی علاقے کی بعض جنگ پسند حکومتوں کے اشتعال انگیز اقدامات اور غیر قانونی مداخلتوں میں پیوست ہیں-

انہوں نے بعض ذرائع ابلاغ میں ان خبروں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ امریکا یورپی ملکوں کو ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کے لئے راضی کرنے کی غرض سے مذاکرات انجام دے رہا ہے، کہا کہ یہ میڈیا کی باتیں ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات اچھے ہیں اور ان میں روز بروز بہتری آ رہی ہے-

انہوں نے عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے وزیراعظم نچیروان بارزانی کے دورہ تہران کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران اور عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے مابین تعلقات دوستانہ ہیں-

ترجمان وزارت خارجہ نے یمن کے تعلق سے ایران کے خلاف سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے حالیہ تکراری الزامات کے بارے میں کہا کہ اگر عادل الجبیر کو اس طرح کی باتیں کرنے سے منع کر دیا جائے تو پھر ان کی اپنی کوئی شناخت ہی نہیں رہ جائے گی-

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف سعودی حکام کے گھٹیا اور بے بنیاد دعوؤں کی تکرار کے باوجود سعودی عرب بے شمار داخلی بحرانوں میں پھنسا ہوا ہے-

ٹیگس