امریکی اقدام قابل افسوس اور اقوام متحدہ کی رپورٹ خوش آئند ہے: پاکستان
پاکستان نے امریکا کی جانب سے اقومی متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اقوام متحدہ میں امریکا کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیلی مظالم پراقوام متحدہ کی رپورٹ خوش آئند ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین سے دہشت گرد گروپوں کی کارروائیوں پر تشویش ہے، افغانستان سے متعلق خصوصی مندوب کی تقرری کی کوئی تجویز فی الحال زیرِ غور نہیں، دہشت گردی صرف افغانستان نہیں بلکہ پاکستان سمیت ہمسایوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے کل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اراکین میں سے 14 نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
سلامتی کونسل میں صرف امریکا نے مستقل رکن کی حیثیت سے ویٹو کا حق استعمال کیا اور جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
قرارداد میں غزہ میں 13 ماہ سے جاری جنگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی غزہ پر جاری جارحیت میں اب تک 43 ہزار985 فلسطینی شہید اور 94 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔