Jan ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • مغربی و شمالی ایران میں شدید برفباری

ایران کے مغربی و شمالی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی ہے اور بعض پہاڑی علاقوں میں برف کی سطح ایک میٹر تک پہنچ گئی ہے جس کے سبب معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت کئی صوبوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ برف باری کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

ایران کے کئی صوبوں منجملہ تہران، مشرقی و مغربی آذربائیجان، البرز، قزوین، گیلان، مازندران، قم، کردستان اور خراسان رضوی میں ہفتے کی رات سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
برف باری کی وجہ سے تہران سمیت کئی صوبوں کے اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کردی گئی ہے۔
ادھرٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایران کے سترہ صوبوں کی شاہراہوں پر برف باری کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سست روی کے ساتھ جاری ہے جبکہ بعض علاقوں کی سڑکیں شدید برف باری کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں اور سڑکوں سے برف ہٹانے اور انھیں کھولنے کا کام جاری ہے۔
کرج، چالوس، ہراز، قزوین، ہمدان اور ارومیہ کے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔
تہران، قم، کرج سمیت مختلف علاقوں میں لوگ شدید برفباری کی بنا پر راستوں میں پھنس گئے ہیں جنھیں موقع پر ہی ہر طرح کی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
تہران میں امام خمینی بین الاقوامی ایئرپورٹ اور مہر آباد ایرپورٹ کو وقتی طور پر پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
ایران کے نائـب صدر اسحاق جہانگیری، جو صوبے فارس کے شہر شیراز کے ایک روزہ دورے پر گئے تھے اور واپس تہران آ رہے تھے، ان کا حامل طیارہ بھی تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر نہیں اتر سکا اور ان کو واپس شیراز جانا پڑا ہے۔
دوسری جانب عوام برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور انہوں نے اہم تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے حالانکہ ایرانی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ضرورت کے بغیر وہ باہر نہ نکلیں اور خاص طور سے گاڑیوں کے ساتھ تہران کی طرف آنے والے راستوں پر نکلنے سے گریز کریں۔

ٹیگس