Feb ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران بھر میں عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی تاریخی وطن واپسی کے دن اور عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے آج بارہ بہمن کو سارے ایران میں جشن کا سماں ہے۔

عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز آج صبح اس تاریخی لمحے سے ہوا جس لمحے، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) ایران کی سرزمین پر تشریف فرما ہوئے تھے۔

ائیرپورٹ سے بہشت زہراء قبرستان کے راستے پر پھول نچھاور کئے گئے ۔

عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح)  کے حرم مطہر کے احاطے میں ہوا۔ ان تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد، شہدا کے اہلخانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

 بارہ بہمن کی تقریبات کو کوریج دینے کے لئے سیکڑوں نامہ نگار اور کیمرہ مین ان تقریبات میں شریک ہیں ۔

دریں اثنا ایران کے تمام اسکولوں میں اسلامی انقلاب کی گھنٹی بھی بجائی گئی اور طلباء نے امام خمینی (رح)  اور انقلاب کے بارے میں اشعار پڑھ کر بانی انقلاب اسلامی، ایران اور شہدا کی امنگوں کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کی تجدید کی۔

واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح)  39 سال قبل آج ہی کے دن پندرہ سال جلاوطنی کی زندگی گزارنے کے بعد یکم فروری سنہ انیس سو اناسی کو ایران واپس تشریف لا‎ئے جہاں لاکھوں ایرانی عوام نے آپ کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا۔ ایران میں آپ کے اس تاریخی داخلے کے ساتھ  ہی گیارہ فروری سنہ انیس سو اناسی کو انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہو گیا۔

* سحر عالمی نیٹ ورک اس مناسب پر اپنے ناظرین کی خدمت میں تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے *

ٹیگس