Feb ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران میں عشرہ فجر کا آغاز اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کا جشن

ایران کے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی تاریخی وطن واپسی کے دن اور عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے بارہ بہمن سے سارے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کا جشن منانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ اور عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز جمعرات کی صبح اس تاریخی لمحے سے ہوا جس لمحے ایران کے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح ایران کی سرزمین پر واپس تشریف لائے۔
ائیرپورٹ سے بہشت زہراء قبرستان کے راستے پر پھول نچھاور کئے گئے۔ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے تہران کے مہرآباد ایرپورٹ پر امام خمینی کی تاریخی ایران آمد کی یاد میں تقریبات منعقد ہوئیں، اسکولوں اور کالجوں اور اسی طرح کلیساؤں میں گھنٹیاں اور گھنٹے بجائے گئے اور ٹرینوں اور بحری جہازوں سے ہارن بجتے رہے۔ لوگ اور ایران کے انقلابی عوام بہشت زہرا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی کے مزار جا کر آپ کی امنگوں سے تجدید عہد کر رہے ہیں۔
ایران کے تمام اسکولوں میں اسلامی انقلاب کی گھنٹی بھی بجائی گئی اور طلباء نے امام خمینی (رح) اور انقلاب کے بارے میں اشعار پڑھ کر بانی انقلاب اسلامی، ایران اور شہدا کی امنگوں کو عملی جامہ پہنانے کے بارے میں تجدید عہد کیا۔
عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہر کے احاطے میں ہوا۔ ان تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد، شہدا کے اہلخانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔
امام خمینی کی ایران آمد کی خصوصی تقریبات پورے ایران منجملہ تہران کے مدرسہ رفاہ، خمین اور قم شہروں میں امام خمینی کے مکان اور نوفل لوشاتو میں آپ کی رہائشگاہ پر منعقد ہوئیں۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) 39 سال قبل آج ہی کے دن تقریبا پندرہ سال جلاوطنی کی زندگی گزارنے کے بعد یکم فروری سنہ انیس سو اناسی کو ایران واپس تشریف لا‎ئے جہاں لاکھوں ایرانی عوام نے آپ کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا۔ ایران میں آپ کے اس تاریخی آمد کے ساتھ ہی گیارہ فروری سنہ انیس سو اناسی کو انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہو گیا۔

ٹیگس