Feb ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ اور ارکان کی امام خمینی کے مرقد مطہر پر حاضری

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ اور ارکان نے ہفتے کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دے کر اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی کی امنگوں سے تجدید عہد کیا۔

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ارکان کی جانب سے امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار پر فاتحہ خوانی اور انہیں خراج عقیدت پیش کئے جانے کے بعد کونسل کے سربراہ آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ  اسلامی بیداری، سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی ثابت قدمی، مشرق و مغرب کے بہت سے مادی محاذوں کا خاتمہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے وجود اور ان کے انقلاب کے اثرات اور نتائج ہیں-

انہوں نے کہا کہ امام خمینی کی قیادت میں آنے والے اسلامی انقلاب کی اہم ترین خصوصیات اس کا شرعی، عقلی اورعوامی ہونا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نہ صرف پورے ایران بلکہ عالم اسلام کے گوشہ و کنار میں بھی امام خمینی کا نام اور ان کی یاد لوگوں کی زبان اور دلوں میں باقی ہے اور امام خمینی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور وہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے-

ایران کی وزارت اعلی تعلیم و تحقیقات و ٹیکنالوجی کے وزیر اور اس وزارت خانے کے اعلی عہدیداروں نے بھی ہفتے کو امام خمینی کے مرقد مطہر پر حاضری دے کر ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عہد کیا-

ایران میں یکم فروری سے جب انتالیس سال قبل امام خمینی پندرہ سالہ جلاوطنی گذار کرفاتحانہ انداز میں واپس ایران آئے تھے اور گیارہ فروری تک جب اسی سال اسلامی انقلاب پوری طرح کامیاب ہوا تھا، عشرہ فجر منایا جاتا ہے اور اس مناسبت سے مختلف پروگراموں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے-

 

ٹیگس