ایران کا اسلامی انقلاب اقوام عالم کی تاریخ کا ایک بے نظیر واقعہ، ڈاکٹر حسن روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی اور عشرہ فجر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کا موضوع بہت زیادہ اہم و عظیم اور ممکنہ طور پر علاقے اور دنیا کی اقوام کی تاریخ کا ایک بے مثال موضوع ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں ایران کے دس صوبوں کے ثقافتی مرکز اور دفاعی میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایرانی قوم نے کسی بھی بیرونی طاقت اور غیر ملک کی مدد کے بغیر اور خدا پر بھروسہ کر کے عوامی اتحاد و فداکاری کی بدولت اسلامی انقلاب کو کامیاب بنانے اور مقدس دفاع میں فتح حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مقدس دفاع کا دور نہ صرف ایک ملک کی جارح حکومت بلکہ تمام بڑی طاقتوں کے مقابلے میں ایک قوم کے دلیرانہ دفاع اور جانثاری نیز شجاعت و بہادری کا نمونہ تھا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی آزادی و قومی عزت و وقار کا دفاع سب کا فریضہ ہے، تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امن و صلح کا خواہاں ہے تاہم اپنی دفاعی توانائی کے بارے میں اسے کسی سے بھی مذاکرات یا سمجھوتہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کو اپنی سرحدوں کے دفاع و تحفظ کے لئے جس طرح کے بھی ہتھیاروں کی ضرورت ہے انھیں وہ قوانین اور رہبر انقلاب اسلامی کے فتوے کے مطابق فراہم کر رہا ہے تاہم وہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیار نہیں بنائے گا۔
صدر ایران نے کہا کہ ایران کو ہمیشہ دفاعی طاقت و توانائی کی ضرورت رہی ہے اور جب تک ملک کے لئے کسی بھی طرح کا بیرونی خطرہ موجود ہے وہ اپنی دفاعی طاقت و توانائی کو مضبوط و مستحکم بناتا رہے گا تاکہ دشمن کو یہ بات سمجھائی جا سکے کہ اسے کسی بھی قسم کی جارحیت کے ارتکاب کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران ایرانی جیالوں نے مسلمانوں کے دفاع کے لئے دوست ملکوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اس بات کو بخوبی ثابت کیا ہے کہ اگرچہ مسلط کردہ جنگ کے تیس برس بیت چکے ہیں مگر علاقے اور دنیا میں دشمنوں کے مقابلے میں ان کی استقامت و شجاعت و بہادری کے جذبے میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔