پورا ایران اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اُٹھا
ایران اسلامی میں جاری انقلاب اسلامی کی کامیابی کے جشن کے دوران ملک بھر کے انقلابی عوام ، عشرہ فجر کے پرشکوہ لمحات کی یاد میں ایک بار پھر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام نے ایک بار پھر انقلاب اسلامی کے اہداف سے اپنی وفاداری کا عہد کرتے ہوئے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس سے پہلے ادارہ تبلیغات اسلامی نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی و مومن عوام ایام اللہ عشرہ فجر کے عظیم الشان لمحات میں ایک بار پھر اللہ اکبر کے نعرے لگا کر اسلامی انقلاب کے اہداف و مقاصد کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔

ایران کے کونے کونے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور بڑی بڑی عمارتوں اور شاہراہوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ جبکہ آزادی کی شب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اللہ اکبر کے توحیدی نعرے کے ساتھ ہی پورے ایران کے شہروں اور دیہاتوں میں چراغاں بھی کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ر سال انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر اکیس اور بائیس بہمن کی درمیانی رات کو تہران کے وقت کے مطابق نو بجے ایرانی عوام اپنے گھروں کی چھتوں، سڑکوں اور گلی کوچوں میں اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہیں۔ ایرانی عوام اللہ اکبر کے نعروں کے ذریعے اپنے اتحاد اور اسلامی نظام کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کرتے اور ایران کے دشمنوں اور سامراج کے منہ پر زوردار طمانچہ لگاتے ہیں۔

بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کے دن نکالے جانے والے جلوسوں میں ایرانی عوام کی شرکت ان کامیابیوں کے لئے ہوگی جو ایرانی قوم نے سفارتی، اقتصادی، سائنسی اور سیاسی شعبوں میں علاقائی اورعالمی سطح پرحاصل کی ہیں۔
*سحرعالمی نیٹ ورک جشن آزادی کی شب میں اپنے تمام سامعین، ناظرین اورقارئین کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے*