بحرین، ایران مخالف من گھڑت الزمات سے باز آئے: قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تیل پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد نیٹ ورک کو پکڑ نے سے متعلق بحرینی حکام کے حالیہ بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بحرینی وزارت داخلہ کی جانب ایران کے خلاف دہشت گرد نیٹ ورک کے ساتھ رابطے کے حوالے سے الزامات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی اداروں کے خلاف الزامات اور دعووں کی تردید کی اور اسے سختی سے مسترد کردیا۔
بہرام قاسمی نے بحرینی حکام کو تجویز دی ہے کہ خطے میں جھوٹے اور غلط پروپگنڈے کرنے اور شدت پسندی پھیلانے کے بجائے اپنے عوام اور حکومت کے درمیان قومی مصالحت اور علاقائی سالمیت کے لئے مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے بحرین کے ایران مخالف بیانات کے ردعمل میں مزید کہا کہ بحرین اپنی اندرونی مشکلات کی جڑ اور اس کے ذرائع کے بارے میں غلط نشاندہی نہ کرے۔
واضح رہے کہ بحرین کی وزارت داخلہ نے بدھ کے روز ایران پر غلط اور بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران 10 نومبر 2017 کو منامہ سے 15 کیلومیٹر پر واقع گاوں بوری میں تیل پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے میں ملوث ہے۔