جشن آزادی کی ریلیوں میں بھرپور شرکت پر رہبر انقلاب اسلامی کی قدردانی
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے جشن آزادی کی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت پر ان کی قدردانی کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں منعقدہ یوم آزادی کی ریلیوں میں قوم کی تاریخی شرکت کو سراہتے ہوئے اپنے بیان میں ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے میری سربلند قوم آپ کے عزم اورگزشتہ سالوں کی نسبت ریلیوں میں بھر پور شرکت نے ایک اور تاریخ رقم کی اور دشمنوں اور اغیار کو دندان شکن جواب دیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن اپنی ناقص اور غلط سوچ کے ذریعے ایران اور ایرانی ہونے کی پہچان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہےتھے مگر ایران کی عظیم قوم نے 11 فروری کو ایک بار پھر قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعےعملی طور پر انقلاب کے زندہ اور پائیدار ہونے کا ثبوت دنیا کو پیش کیا اوربانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایرانی عوام کا اتحاد دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ہے اور ہماری قوم دشمنوں کی سوچی سمجھی سازشوں کو بے نقاب کرے گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی حکام پر زوردیا کہ وہ پختہ عزم و ارادے اور انقلابی جذبہ اور جہادی عمل کے ساتھ ایرانی عوام کی خدمت کریں اور اسلامی انقلاب کی امنگوں کا بھر پور دفاع کریں۔
واضح رہے کہ 11 فروری 1979 کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت میں ایران کا اسلامی انقلاب ظالم شاہی حکومت کی بساط لپیٹنے میں کامیاب ہوا اور ایران میں ایک اسلامی حکومت کی داغ بیل ڈالی گئی۔