امریکی بحری جہاز ایران کی متعین کردہ آبی گذرگاہ سے ہی گذر سکتے ہیں
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا اور اس کے چھے پیرو ملکوں کے بحری جہازوں کے لئے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں الگ سے ایک گذرگاہ مقرر کر دی ہے اور اسی گذرگاہ سے انہیں گذرنا ہو گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی فدوی نے منگل کو تہران میں بحریہ سے متعلق اداروں کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں اپنی حاکمیت کے حق کا استعمال کرتے ہوئے امریکا اور اس کے چھے پیرو ملکوں کے بحری جہازوں کی آمد و رفت کے لئے آبی گذرگاہ مقرر کر دی ہے تاکہ وہ اسی جگہ سے گذریں-
انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کے بحری جہازوں نے ابھی تک اس قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے- ایڈمرل فدوی نے کہا کہ بحیرہ عمان اور خلیج فارس میں ماحولیات کا تحفظ ایران کے لئے بہت ہی اہم ہے اور تہران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ غیر ملکی بحری جہاز اس علاقے میں ماحولیات کو نقصان پہنچائیں اور فضا کو آلودہ کریں-