ایران ہندوستان تعاون کے فرورغ پر تاکید
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے چابہار کے ترقیاتی منصوبے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کوریڈور کو ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون کا اہم ترین باب اور ذریعہ قرار دیا ہے۔
جمعرات کو ہندوستان کے تین روزہ دورے پر روانگی سے قبل تہران کے مہرآباد کے ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ چابہار کی بندرگاہ اور زاہدان - چابہار ریلوے لائن منصوبے میں سرمایہ کاری ایران اور ہندوستان کے تعاون کا اہم باب ہے۔
صدر ایران کا کہنا تھا کہ تہران اور نئی دہلی کے تعلقات صحیح اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ہندوستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات فروغ پائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں ایران اور ہندوستان کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور وہ اپنے دورہ ہندوستان میں دہشت گردی کے انسداد کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔
انہوں نے ایران اور ہندوستان کو ناوابستہ تحریک کا اہم رکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک عالمی مسائل اور ترقی پذیر دنیا کے معاملات پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی ہندوستان کے تین روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدر آباد پہنچ گئے ہیں جہاں جنوبی ہندوستان کے مسلم علمائے کرام سے ملاقات ان کے پروگرام کا حصہ تھی۔ ہندوستان کے وزیر اعظم ہفتے کی صبح نئی دہلی میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کے ہمراہ وفد کا باضابطہ استقبال کریں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے متعدد معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی ایران اور ہندوستان کے تاجروں کے مشترکہ فورم میں بھی شرکت کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں حائل مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کی راہوں کا جائزہ لیا جائے گا۔