Feb ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • مشرق وسطی میں امن و استحکام سے متعلق ایران سے زیادہ کسی ملک نے کوشش نہیں کی، بہرام قاسمی

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کے لئے ایران سے زیادہ بڑھ کر کسی بھی ملک نے کوئی اقدام یا کوشش نہیں کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے علاقے میں ایران کے اثرو رسوخ اور کردار پر اظہار تشویش سے متعلق امریکہ کے نیشنل انٹیلیجنس ادارے کے سربراہ ڈین کوٹس کے بیان کو تکراری اور بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے بیانات، دنیا کے مختلف علاقوں خاص طور سے مشرق وسطی میں منگھڑت خوف و ہراس اور جھوٹے رعب و وحشت پھیلانے کے لئے امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ دنیا کے مختلف علاقوں خاص طور سے مشرق وسطی میں من گھڑت فوبیا اور جھوٹے رعب و وحشت پھیلانے سے متعلق پالیسیاں امریکہ کے مفاد تاہم پوری دنیا اور مغربی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث ہیں اور اس بات کو سمجھنے کے لئے علاقے کے تمام ملکوں کے رہنماؤں کی دوراندیشی اور عوام کی ہوشیاری کی ضرورت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران ایک تاریخی، پُرامن، سنجیدہ اور ذمہ دار ملک کی حیثیت سے علاقے میں کشیدگی پھیلائے جانے اور جنگ کی آگ بھڑکائے جانے کے خلاف ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جرمنی کی حکومت کے حالیہ اس بیان کے ردعمل میں کہ شام میں صہیونی طیارے کو مار گرائے جانے کے بعد تناؤ کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے، کہا کہ یہ غاصب اور جارح صہیونی حکومت ہی ہے کہ جس نے خطے میں امن و سلامتی کو خطرے سے دوچار کر رکھا ہے اور اس کی سرزنش کی ہونی چاہیے۔
انہوں نے شام کے حالیہ واقعات اور صیہونی جنگی طیارے کی سرنگونی میں ایران کے ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شام کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں اپنی سرزمین اور فضائی حدود کا بھرپور دفاع کرے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ خطے میں تناؤ اور کشیدگی میں اضافہ ایران کی پالیسی میں شامل نہیں مگر ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری اور دنیا کے ممالک کو چاہئے کہ ناجائز صہیونی حکومت کی جارحیت اور خطرناک پالیسی کو روکنے کا اقدام کریں۔

ٹیگس