Feb ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • دشمنوں کے مقابلے میں عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ اگر دنیا کے مسلمان متحد ہوتے تو امریکا بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت قراردینے کی جرائت نہ کرتا اور صیہونی حکومت بھی ہر روز فلسطینیوں کے حقوق کو پامال نہ کرتی۔

صدر مملکت حجت الاسلام ڈاکٹر حسن روحانی نے حیدر آباد دکن کی مکہ مسجد میں نمازجمعہ کے بعد لوگوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا کے مسلمانوں کے پاس اتحاد اور یکجہتی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ دشمنوں اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کو ذلیل اور ان کی تحقیر کریں لیکن پوری تاریخ  مسلمانوں کے علم و تمدن سے روشن ہے اور مستقبل بھی مسلمانوں کا ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پوری دنیا کی مسلم اقوام کی مدد کی ہے اور وہ اپنی یہ مدد آئندہ بھی جاری رکھنے کو تیار ہے جیسا کہ اس نے شام اور عراق کے عوام کی مدد کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ مادی تمدن امن قائم نہیں کرسکتا کہا کہ امریکا میں مغربی تمدن کا نتیجہ امریکی اسکولوں یونیورسٹیوں اور سڑکوں پر لوگوں کا قتل عام ہے۔

انہوں نے ہندوستان میں قائم امن و استحکام پر خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ دشمن نہیں چاہتے کہ مسلمان باہم متحد رہیں لیکن ایران اور ہندوستان کے عوام علم و تمدن کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہیں۔

ٹیگس