ایران کے وزیر خارجہ کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج اسلام آباد میں پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی اور سکیورٹی صورتحال اور سرحدوں کی حفاظت سے متعلق گفتگو کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین تجارتی اور سرحدی معاملات میں تعلقات کے فروغ پر تاکید کی۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ نے کل پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شام اور یمن کی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور بینکاری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا.
پاکستانی اسپیکر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صرف ہمارا پڑوسی نہیں بلکہ پاکستان کا دوست اور برادر ملک ہے.
اس ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے پاک ایران پارلیمانی تعاون کی توسیع پر زور دیا.
واضح رہے محمد جواد ظریف اتوار کی رات پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے . انہوں نے گزشتہ روز پاک ایران بزنس فورم میں شرکت کی جس میں ان کے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف بھی شریک تھے.اس کے بعد پاکستانی دفترخارجہ میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی.اس کے علاوہ ظریف نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں.ایرانی وزیر خارجہ اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹر ٹیجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام پاک ایران سفارتی تعلقات کے 70 برس کے حوالے سے سیمینار میں بھی شرکت کی.