امریکہ پابندیوں کے ذریعے ہمیں سائنسی ترقی سے نہیں روک سکتا: ایران
Mar ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے بعض ایرانی افراد بالخصوص ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ سے متعلق ایرانی کمپنی پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے ردعمل میں کہا کہ امریکہ پابندیوں کی چال سے ایرانی قوم کی سائنسی ترقی کو روکنے میں ناکام رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکہ کے بعض ایرانی افراد اور ایک نامور ایرانی کمپنی پر دنیا کی یونیورسٹیوں کے خلاف سائبر حملے کے الزامات کی شدید مذمت کی ہے.
ایران مخالف حالیہ امریکی اقدامات کو اشتعال انگیز اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئے بہرام قاسمی نے کہا کہ ایسے اقدامات امریکی حکمرانوں کی ایرانی قوم سے دشمنی کی واضح مثال ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خزانہ نے سائبر حملے کے الزام میں ایک ایرانی کمپنی اور اس کے 10 افراد پر پابندی عائد کر دی۔