روس کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار
اسلامی جمہوریہ ایران نے روس میں آتشزدگی کے سانحے میں انسانی جانوں کےضیاع پر روسی حکومت اور عوام کےساتھ ساتھ مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے روس کے علاقے سائبیریا میں ایک تجارتی مرکز میں آگ لگنے کے واقعے میں دسیوں افراد کے جاں بحق ہو جانے پر روس کی حکومت، عوام اور حادثے کا شکار اہل خانہ کو تعزیت پیش کی ہے اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے علاقے سائیبیریا کے شہر کمیروف میں ایک تجارتی مرکز میں آگ لگنے کا یہ واقعہ اتوار کی رات پیش آیا۔حادثے میں اب تک ترپن افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کچھ افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔حادثے کے فورا بعد سے امدادی کارروائی شروع کردی گئی تھی۔ البتہ عمارت کی چوتھی منزل کی چھت گر چکی ہے جس کی بنا پر کچھ لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔روسی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے سے متعلق چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایک اور رپورٹ کے مطابق تجارتی مرکز کے دیگر حصوں میں خرید و فروخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ روس میں ہر سال آگ لگنے کے واقعات میں کافی لوگوں کا جانی نقصان ہو جاتا ہے۔ دو ہزار بارہ میں روس میں آگ لگنے کے واقعات میں گیارہ ہزار سات سو پچاس افراد مارے گئے تھے۔