Mar ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • صدر حسن روحانی کا دورہ ترکمانستان

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی دو ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں تر کمانستان کے دارالحکومت عشق آباد پہنچ گئے ہیں جہاں صدر قربان قلی بردی محمد اوف نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی جب ترکمانستان کے ایوان صدر پہنچے تو صدر قربان قلی بردی محمد اوف نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور فوج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد ازاں دونوں ملکوں کے صدور نے اپنے وفود کا ایک دوسرے سے تعارف کرایا جس کے بعد اعلی سطحی مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا۔صدر حسن روحانی اپنے ہم منصب کی دعوت پر ترکمانستان کے دورے پر ہیں جس کا مقصد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانا ہے۔صدر حسن روحانی ترکمانستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد صدر الہام علی اوف کی دعوت پر جمہوریہ آذربائیجان کا دورہ بھی کریں گے۔عشق آباد روانگی سے قبل تہران ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے ترکمانستان اور آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی مناسب قرار دیتے ہوئے کہا  کہ تینوں کے ملکوں کے درمیان بے پناہ اقتصادی اور تجارتی گنجائشیں موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔صدر ایران کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ روٹ اور آبی رابطوں کا معاملہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ وسطی ایشیا اور قفقاز کے علاقے سے ایران کا رابطہ ترکمانستان اور آذربائیجان سے ہوکر گزرتا ہے۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جنوب مشرقی ایران کے شہر زاہدان کو ریلوے کے ذریعے چابہار کی بندرگا سے جوڑنے اور رشت آستارا ریلوے لائن بچھانے کے منصوں کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔صدر نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے چابہار کی بندرگاہ نہ صرف وسطی ایشیا سے متصل ہوجائے گی بلکہ قفقاز اور روس کے راستے یورپ تک پہنچ جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ صدر حسن روحانی کے دورہ آذربایجان کے موقع پر رشت آرستارا ریلوے لائن کے مشترکہ منصوبے سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک کیسپیئن سی میں تیل اور گیس کے مشترکہ منصوبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔

ٹیگس