Apr ۱۴, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  •   مسلح افواج کا اعلان ، ایران شامی عوام کے ساتھ ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کو دہشت گردوں کی شکست سے ان ملکوں کی مایوسی اور جھنجھلاہٹ کا نتیجہ قراردیا ہے

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے شام کے وزیردفاع علی ایوب سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ جارحیت کا ارتکاب کرنے والوں کو نہ صرف ان کے غیر قانونی اور وحشیانہ اقدام  کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ شام کی حکومت اورعوام ملکی اورغیر ملکی دشمنوں کے مقابلے میں اور زیادہ متحد اور مضبوط ہوں گے -

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا اسلامی جمہوریہ ایران،  شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ  شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے سے عرب اور مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ وحشی اور جرائم پیشہ دہشت گردوں  کے خلاف جنگ میں استقامتی محاذ اور زیادہ مضبوط ہوگا -

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شام پر میزائلی حملہ تکفیری دہشت گردوں کی حمایت میں ان کے مغربی حامیوں کی ذلت آمیز شکست کا واضح ثبوت ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے بھی اپنے شامی ہم منصب سے ٹیلی فونی گفتگو میں شام پر میزائلی حملے کو علاقے کے مظلوم عوام کے خلاف عالمی سامراج کے مجرمانہ اقدامات کا واضح مصداق قراردیا - انہوں نے امریکا اور اس کے اتحادی ملکوں کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی سرکردگی میں عالمی سامراج برسوں سے اسلامی ملکوں میں مداخلت کررہا ہے اور فلسطینی عوام کا قتل عام اور ان پر مظالم انہی مجرمانہ اقدامات میں سے ہیں -

ٹیگس