دفاعی پروگرام پر مذاکرت نہیں کریں گے، حکومت ایران
حکومت ایران کے ترجمان نے کہا ہے کہ تہران اپنے دفاعی معاملات اور میزائل پروگرام پر کسی سے مذکرات نہیں کرے گا۔
پیر کے روز تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ایران کے ترجمان محمد باقر نوبخت کا کہنا تھا کہ میں صراحت کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ ملک کے دفاعی معاملات اور میزائل پروگرام کے بارے میں ہرگز مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔حکومت ایران کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ، فرانس اور دیگر ملکوں کو اس بات کا کوئی حق نہیں کہ وہ ایران کے دفاعی اور میزائل پروگرام کے لیے حدود و قیود کا تعین کریں۔خطے کے مسائل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں حکومت ایران کے ترجمان نے کہا کہ تہران، خطے کے امن و استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں پہلے ہی اپنی آمادگی ظاہر کرچکا ہے۔محمد باقر نوبخت نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں کہا کہ ایٹمی معاملات میں ایران صرف ایٹمی معاہدے کو قبول کرتا ہے، اگرچہ امریکہ نے اب تک اس پر عملدرآمد نہیں کیا ہے۔