May ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن اور شفاف: عالمی جوہری ادارہ

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کو پُرامن اور شفاف قرار دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کی حالیہ مکروہ سازش کو بے نقاب کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، عالمی جوہری ادارے نے منگل کو ایران مخالف نیتن یاہو کے دعوے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ادارے نے 2015 کو ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ 2009 کے بعد ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن نہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی ایسی کوئی نشانی سامنے آئی ہے.

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ترجمان 'فریڈرک ڈھل' نے 2015 کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ایجنسی کے پاس ایران کی پُرامن جوہری سرگرمیوں کے خلاف کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی ان سرگرمیوں کے برعکس اقدامات ہمارے ریکارڈ میں ہیں.

واضح رہے کہ قدس کے غاصب اور جابرصیہونی وزیراعظم نے گزشتہ روز نام نہاد 'خفیہ ایٹمی فائلیں' افشا کی تھیں جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایران نے خفیہ طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کی تھی.

نیتن یاہو نے یہ دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ہزاروں ایسی دستاویزات حاصل کی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے دنیا کو یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ اس نے کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی.

نیتن یاہو کے من گھڑت دعوے ایسے وقت سامنے آرہے ہیں کہ جب رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ  العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک تاریخی فتوے کے ذریعے جوہری ہتھیاراور اس کے استعمال کو حرام قرار دیا ہے.

اسلامی جمہوریہ ایران کا پُرامن جوہری پروگرام بالکل شفاف اور مختلف بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس بالخصوص عالمی جوہری توانائی ادارے (IAEA) نے بھی بارہا ایران کی پُرامن کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے.

ٹیگس