May ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۰:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ نے کبھی بھی اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا،ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے اعلان کے ردعمل میں کہا کہ امریکہ نے جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد کبھی بھی اس عالمی معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر من و عن عمل کیا ہے جبکہ امریکہ نے اس عالمی معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور اس معادے سے امریکہ کے نکل جانے کی پیش گوئی کی جا رہی تھی۔

ایران کے صدر  نے کہا کہ جوہری معاہدہ پائیدار رہے گا اور ہم دوسرے فریقوں کے ساتھ امن کی جانب قدم بڑھائیں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مفادات پورے نہ ہوئے تو اس صورت میں ہم نیا فیصلہ کریں گے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ وزارت خارجہ سے کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک، روس اور چین کے ساتھ مذاکرات کرے کہا کہ ٹرمپ  نے ایران پر اقتصادی دباو ڈالنے کیلئے نفسیاتی جنگ شروع کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی رات ایک بار پھر ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا۔

ٹرمپ نے ایسے وقت میں جوہری معاہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا جب عالمی جوہری ادارہ 11 مرتبہ ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرچکا ہے۔

ٹیگس