May ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران اور یورپی یونین کے اعلی حکام کے مابین تبادلہ خیال

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ٹیلی فونی گفتگو میں ایٹمی معاہدے کو جاری رکھنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ ایٹمی معاہدے سے ایرانی عوام کو پہنچنے والے فوائد کی ضمانت دی جائے - اس ٹیلی فونی گفتگو میں آئندہ منگل کو برسلز میں برطانیہ فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے ایران کے وزیرخارجہ کی ملاقات اور مذاکرات کے ایجنڈے کا بھی جائزہ لیا گیا - ایران کے وزیرخارجہ برسلز میں تین یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات میں ایٹمی معاہدے کو جاری رکھنے اور اس معاہدے میں ایرانی عوام کے لئے مدنظر فوائد کی ضمانت کے حصول پر بات چیت کریں گے -

یورپی یونین کے  شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج فیڈریکا موگرینی بھی اس اجلاس میں موجود ہوں گی - ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اتوار اور پیر کو بیجنگ اور ماسکو میں چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے - ان ملاقاتوں میں بھی ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد کی صورتحال اور معاہدے سے ایران کے مفادات کی تکمیل کی ضمانت کی یقین دہانی پر بات ہوگی - 

واضح رہے کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد ایران کی اعلی قیادت نے صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ اگر تین یورپی ممالک ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت نہیں دیں گے تو معاہدے کے بارے میں اپنےحتمی فیصلے کا اعلان کریں گے- امریکی صدر ٹرمپ نے منگل کی رات ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد د‏عوؤں کی تکرار کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے اور ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے -

 

ٹیگس