May ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکی سفارتخانے کی منتقلی ایک المیہ ہے،  تہران کے خطیب جمعہ

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی غاصب صیہونی حکومت کے قیام کے بعد سے موجودہ دنیا کی یہ سب سے بڑی مصیبت اور المیہ ہے -

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی سبھی بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کے حقوق کے منافی ہے - انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام امریکا کے اس اقدام کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور صیہونی فوج ان کا قتل عام کررہی ہے -

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں  بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام اس ناجائز اور غاصب حکومت ، امریکا اور اس کے علاقائی حامیوں  کے سیاہ کارناموں میں ایک اور شرمناک  کارنامے کا اضافہ ہے -  انہوں نے کہا کہ اس وقت بچوں کی قاتل صیہونی حکومت فلسطین پر انتہائی وحشیانہ ظلم ڈھارہی ہے لیکن افسوس کہ دنیا کی اقوام و حکومتیں اور اس سے بھی بڑھ کر علاقے کی عرب حکومتیں جو امریکا اور مغربی ملکوں کے دباؤ میں ہیں صیہونی حکومت کے ان مظالم پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں-

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کرکے صیہونی حکومت تیزی کے ساتھ نابودی کی سمت قدم بڑھارہی ہے - انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی نے  امریکا کے تئیں ایرانی عوام کی بے اعتمادی کو ایک بار پھر ثابت کردیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے مذاکرات میں محکم اور عملی ضمانت لئے جانے کی ضرورت ہے -

ٹیگس