بڑی طاقت کے مقابلے میں استقامت پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے سپر طاقت کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پامردی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایک قوم کے لئے عزت و آبرو ہر چیز سے زیادہ اہم ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایک دولت مند اور انسانی سرمائے سے مالا مال قوم ہونے کے باوجود ایک سپر طاقت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں گے تو پھر ہماری کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تہران میں خرمشہر کی آزادی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے جانبازوں کی یاد میں منعقدہ ایک سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر سعودی عرب کے عوام کو دودھ دینے والی گائے سے تعبیر کرتے ہیں اور انتہائی بے شرمی کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ہم سعودی عرب کو جو ایک دودھ دینے والی گائے ہے دوہیں گے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہاکہ دولت اور ایک خوبصورت زندگی ہر قوم کے لئے اچھی چیز ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر ایک قوم کے لئے اپنی عزت اور آبرو ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے جانباز اپنی سرحدوں عزت و ناموس اور اسلام و اسلامی انقلاب کا دفاع نہ کرتے تو نہ معلوم آج ہم کس حال میں ہوتے اور ہماری حیثیت کیا ہوتی۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران آپ نے دیکھا کہ کچھ دہشت گرد گروہوں نے عراق اور شام میں ان ملکوں کے عوام کی جان و مال اور عزت و ناموس کے ساتھ کس بے رحمی کا مظاہرہ کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ آج ایران کے عوام کو دنیا میں ایک عظیم اور باعزت قوم کے طور پر دیکھا جاتا ہے کیونکہ ایرانی عوام نے خدا پر بھروسہ، پیغمبر اسلام اور آئمہ اطہار علیھم السلام سے توسل کرکے دشمن کا پوری قوت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ایرانی عوام کو جتنی زیادہ خوشی خرمشہر کی آزادی کے دن ہوئی اتنی کسی اور دن نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چوبیس مئی کا پیغام یہ ہے کہ دنیا نے خرمشہر کی آزادی کے بعد یہ تسلیم کرلیا کہ ایران کو شکست نہیں دی جاسکتی۔
واضح رہے کہ چوبیس مئی انیس سو بیاسی کو ایران کے جانبازوں نے خرمشہر کو صدامی فوج کے قبضے سے آزاد کرایا تھا۔