May ۳۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی سے شاعروں، ادبی شخصیات اور دانشوروں کی ملاقات

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ فارسی کے اشعار حکمت اور اخلاقیات سے بھرے ہوئے ہیں اور اس روایت کو آج کے دور کی شاعری میں فروغ دینا ہوگا۔

پیغمبر اسلام (ص) کے سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی ولادت باسعادت اور شب شعر کی مناسبت سے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے شعراء، ادبی اور ثقافتی شخصیات نے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فارسی کے نوجوان شاعروں کی پیشرفت اور ان کے انداز شاعری کو سراہتے ہوئے شاعروں، ادبی شخصیات اور دانشوروں پر زور دیا کہ وہ فارسی شعر کی بے مثال روایت جاری رکھیں۔

انہوں نے معاشرے میں انصاف، مزاحمت اور اخلاقیات سے متعلق باہمی مکالمے کو فروغ دینے کو شاعروں کا ایک اہم مقصد قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ فارسی شاعری اخلاق اور حکمت سے بھری ہے اور اس کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسی شاعری کو فروغ ملے۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ انقلاب مخالف عناصر شاعری کے مقاصد کو منحرف کرنے کے مقصد سے بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور وہ اس روایت کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اشعار کے معنی و مفہوم اور لفظی سجاوٹ میں جوان شعراء کی پیشرفت کی تعریف کی اور شعری تاریخ میں فارسی شعر کی عفت اور پاکیزگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ فارسی شعر کی عفت اور پاکیزگی کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عدالت، استقامت اور اخلاقی فضائل کی ترویج کے سلسلے میں شعراء کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ فارسی شعر ہمیشہ حکمت اور اخلاق کا آئینہ دار رہا ہے اور سماجی اور معاشرتی سطح پر فکری بیداری میں فارسی شعر کا اہم کردار رہا ہے۔

اس نورانی محفل میں 31 شعراء نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی موجودگی میں اپنا منظوم کلام پیش کیا ۔

ٹیگس