Jun ۰۴, ۲۰۱۸ ۲۲:۳۸ Asia/Tehran
  • امت اب بھی روح اللہ کی وفادار ہے! - تصاویر

رہبرکبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی انتیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

تہران میں امام خمینی کے حرم میں انتیسویں برسی میں لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور آپ کے اصولوں پر باقی رہنے اور انقلابی مشن کو آگے بڑھانے کا عہد کیا-

برسی کے پروگرام کے آغاز سے گھنٹوں قبل ہی امام خمینی رح کا حرم ان کے چاہنے والوں اور سوگواروں سے مملو ہو گیا تھا۔ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار برسی میں شرکت کے لئے تہران پہنچے تھے-

حضرت امام خمینی کے عقیدت مندوں اور چاہنے والوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دنیا والوں کو یہ پیغام دے رہا تھا کہ روح اللہ سے عشق و محبت جاودانی اور نہ ختم ہونے والی ہے- حضرت امام خمینی کی برسی کے پروگرام میں ہرسال کی طرح اس بار بھی دنیا کے مختلف ملکوں کے ہزاروں مہمانوں اور شخصیات نے شرکت کی-

زائرین اور سوگواروں کی سہولت کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے گئے تھے ہلال احمر کے ساڑھے چھے سو سے زائد امدادی کارکن ہر جگہ مستعد نظر آئے جبکہ جگہ جگہ گیارہ کلینک اور تین فیلڈ اسپتال بھی لگائے گئے-

برسی کے پروگرام کو کوریج دینے کے لئے ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے تین سو سے زائد صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے موجود تھے- پروگرام کے اختتام پر روزہ داروں کے افطار کے لئے بھی اسٹال لگائے گئے- 

بانی انقلاب اسلامی کی برسی میں شرکت کے لئے بہت سے زائرین دور دراز کا سفر پیدل طے کر کے تہران  پہنچے تھے۔

اس سال حضرت امام خمینی کی برسی مولائے متقیان حضرت علی ابن ابیطالب ع کے ایام شہادت سے مصادف تھی اس لئے برسی کے پروگرام کے دوران مولائے کائنات کے غم میں مجالس کا خاص اہتمام کیا گیا اور عاشقان ولایت نے حضرت امام علی علیہ السلام کے غم میں انتہائی عقیدت اور علوی جذبے کے ساتھ نوحہ خوانی و ماتم کیا۔

ٹیگس