Jun ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • ایک میزائل کا جواب 10 سے دیں گے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی انتیسویں برسی کے اجتماع سے خطاب کا پاکستان و ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار روزنامہ جنگ نے اپنی آج کی اشاعت میں لکھا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی خامنہ ای  نے فرمایا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیوں کا مغربی ممالک کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،انہوں نےعرب عوام پرزوردیاکہ وہ امریکاکےخلاف اٹھ کھڑےہوں۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ڈان کی شہ سرخی کچھ اس طرح ہے۔

ایک میزائل کا جواب 10 سے دیں گے، آیت اللہ العظمی خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی خامنہ ای  نے فرمایا ہے کہ جو ملک، ایران پر ایک میزائل فائر کرے گا جواب میں اس پر 10 میزائل فائر کیے جائیں گے۔

انہوں نے جنگ کے خطرات کو مسترد کرتے ہوئے اسے مغرب کا پروپیگنڈا قرار دیا۔

اپنے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر نے فرمایا کہ انہوں نے ملک کی ایٹمی انتظامیہ کو جوہری افزودگی کی صلاحیت بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ صلاحیت جوہری معاہدے کی مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہوگی، جسے یورپی ممالک بچانے کی امید کر رہے ہیں۔

سید علی خامنہ ای کا یورپی رہنماؤں کو تنبیہ کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ چند یورپی ممالک سے ہمیں پیغام ملا کہ وہ ایرانی عوام سے امید کرتے ہیں کہ وہ ایک ہی وقت میں پابندیوں کو برداشت کریں اور ان سے نبردآزما ہوں اور ہم اپنی جوہری سرگرمیاں بھی ختم کردیں۔

 انہوں نے فرمایا کہ میں ان ممالک کو تنبیہ کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اس لئے کہ ایران کے عوام اور حکومت پابندیوں اور جوہری رکاوٹیں دونوں کو ایک ساتھ برداشت نہیں کریں گے۔

ہندوستان کی نیوز ایجنسی یو این آئی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی برسی کے اجتماع سے خطاب کی شہ سرخی لگاتے ہوئے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نےفرمایا ہے کہ دشمن معاشی اور نفسیاتی دباؤ سے ایران کو اپنے آگے جھکانا چاہتا ہےمگر ایران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا نہ ہی ناجائز مطالبات مانے گا۔

انہوں نے فرمایا کہ خطے کی محروم اور مزاحمتی اقوام کی حمایت جاری رکھی جائےگی اور اگر دشمن نے حملہ کیا تو دس گنا شدت سے جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ کل بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی انتیسویں برسی کے زبردست عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور فرمایا کہ امام خمینی رح عظمتوں کی بلندی پر فائز تھے اور آپ نے ڈھائی ہزار سالہ ظالم و موروثی شاہی حکومت کا خاتمہ کر دیا اور اسلامی انقلاب کو کمزور کرنے کی  امریکا کی سبھی سازشوں کو ناکام بنا دیا اور حتی مسلط کردہ جنگ کے منصوبوں کو بھی نقش برآب کر دیا-

آپ نے مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس سال کاعالمی یوم القدس ماضی سے کہیں زیادہ پرشکوہ انداز میں منایا جائے گا ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی نظام سے دشمن کی عداوتوں اور ناراضگی کی وجہ یہی ہے کہ اسلامی نظام دشمنوں کے مقابلے میں پوری طرح سے ڈٹا ہوا ہے-

آپ نے ملک میں ایٹمی توانائی کے میدان میں حاصل ہونے والی پیشرفت کو ایران کے لئے باعث فخر قرار دیا اور اس راہ میں دشمنوں کی جانب سے کھڑی کی گئیں رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ جب ہمیں مریضوں کے علاج کے لئے بیس فیصد افزودہ یورینیم اغیار سے حاصل کرنا ہوا تو انہوں نے ہمارے سامنے طرح طرح کی شرطیں عائد کر دیں اور اس صورت حال سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، ایسے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے باصلاحیت سائنسدانوں اور نوجوانوں پر بھروسہ کر کے خود ملک کے اندر یورینیم کو بیس فیصد تک افزودہ کیا-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی میزائل توانائی کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام نے ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کر کے خود کو علاقے میں میزائل توانائی کے میدان میں سب سے اوپر کر لیا ہے اور دشمن کو اس بات کا یقین ہو گیا ہے کہ اگر وہ ایک مارے گا تو دس کھائے گا۔

ٹیگس