بیجنگ میں ایران و پاکستان کے صدور کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے صدور نے تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ توسیع کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چین میں شانگھائی تعاون تنطیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کے صدر ممنون حسین سے ہونے والی اپنی ملاقات میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کی توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع اور فروغ کے لئے پائی جانے والی گنجائشوں سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف میدانوں خاص طور پر اقتصادی شعبے میں تہران اور اسلام آباد کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شانگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی رکنیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران اس تنطیم میں پاکستان کے موثر کردار کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران پاکستان کو علاقے کا ایک اہم ملک سمجھتا ہے کہا کہ ایران پاکستان کی توانائیوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے بہترین اور مطمئن ذریعہ بن سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کی صورتحال کے بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ علاقے اور عالم اسلام کے مسائل کے بارے میں ایران اور پاکستان کے موقف ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور ان کی اپنی خاص اہمیت ہے۔انہوں نے علاقے کی سلامتی اور استحکام کو ایران کے لئے بہت ہی اہم قراردیا اور کہا کہ تہران ایک پرامن اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے اور علاقے کی سلامتی اور ترقی کے لئے ایران پاکستان اور افغانستان کی ہم آہنگی بہت اہم ہے۔
پاکستان کے صدر ممنون حسین نے بھی اس بات کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہ پاکستان ہمیشہ ایران کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا کہا کہ باہمی تعاون اور تمام تر وسائل و توانائیوں سے استفادہ اور سبھی رکاوٹیں دور کرکے دونوں ملکوں کے تجارتی حجم کو اوپر لے جانے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی صدر نے کہا کہ اسلام آباد شانگھائی تعاون تنظیم میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل رکنیت کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان کو توقع ہے کہ ایران جلد سے جلد اس تنظیم کا باقاعدہ رکن بن جائے گا۔
انہوں نے ایٹمی معاہدے کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر ایران اور پاکستان کے تعاون کو خاص اہمیت ہے اور افغانستان میں امن و استحکام تہران اور اسلام آباد کے لئے بیحد اہم ہے۔