Jun ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • یورپ کی جانب سے کوئی پیکیج موصول نہیں ہوا، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے ایرانی اور یورپی ماہرین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاہم یورپ کی جانب سے لازمی عملی اقدامات کا پیکیج موصول نہیں ہوا ہے۔

جنوبی افریقہ پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور یورپی ماہرین کے درمیان تازہ ترین اجلاس گزشتہ ہفتے تہران میں ہوا  تھا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ کے پاس وقت بہت کم  بچا ہے البتہ گروپ چار جمع ایک کے ماہرین، یورپی پیکیج کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زو ر دے کر کہی کہ اس بات کا اطمینان حاصل کرنا ضروری ہے کہ ایرانی عوام کو ایٹمی معاہدے کے بھرپور فوائد حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے واضح کر دیا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور پابندیاں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔
 امریکی صدر نے آٹھ مئی کو ایران کے خلاف فرسودہ اور بے بنیاد الزامات کا اعادہ کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور ایران کے خلاف تمام پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس