آئی آر آئی بی دشمنوں کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کا ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا ادارہ آئی آر آئی بی دشمن کی نفسیاتی جنگ کے خلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ اور دوسرے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے سربراہ اور دوسرے اعلی عہدیداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کہا کہ آئی آر آئی بی قومی اتحاد کو مستحکم بنانے میں اور عوام میں جوش و ولولہ باقی رکھنے کے تعلق سے اہم کردار کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک طاقتور ادارہ ہے جو مثبت آگہی اور شعور پیدا کرنے کی توانائی رکھتا ہے اور لوگ بھی اس پر بھروسہ کرتے ہیں۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ خطے میں داعش کے خلاف جنگ اور علاقے میں امن و امان کی برقراری میں ایران کا مثبت کردار اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت ایرانی عوام کے دشمنوں کی پریشانی کا باعث بنا ہے اسی لئے وہ ایرانی عوام کی حاکمیت اور موجودہ نظام کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن طریقے سے ناکام کوشش کر رہے ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج ایران کے اسلامی انقلاب کی قدریں دنیا کے بیشتر ملکوں میں اپنے اثرات مرتب کر رہی ہیں اور دنیا کی مختلف اقوام نے ان اقدار سے لو لگار رکھی ہے-
ان کا کہنا تھا کہ ان ہی حقائق کے پیش نظر دشمن ان اقدار کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں بنابریں دشمنوں کے ان اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے۔
صدر مملکت نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام نے کبھی بھی امریکی حکومت کے دباؤ، دھمکیوں اور پروپیگنڈوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا ہے اور وہ آئندہ بھی نہیں کریں گے، کہا کہ ہمیں چاہئے کہ مستقبل کے حوالے سے عوام کی تشویش کو دور کریں کیونکہ دشمن کا کام عوام میں یاس و نا امیدی پھیلانا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حکومت، پارلیمنٹ اور سبھی سرکاری ادارے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائیوں کے زیرسایہ مشکلات پرغلبہ پا کر دشمنوں کو ناامید کر دیں گے-
ان کا کہنا تھا کہ اگر دشمنوں کی سازشوں اور شیطنت کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے رہیں گے تو دشمن کبھی بھی ایران کے اسلامی نظام اور عوام کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکیں گے-