ایران کی سرحدی پولیس فورس کے کمانڈر کا دورہ افغانستان
اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدی پولیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم رضایی سرحدی تعاون کے فروغ کے مقصد سے دو روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے.
تفصیلات کے مطابق ایران کی سرحدی پولیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم رضایی ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت میں آج منگل کی صبح کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئے.اس موقع پر نائب افغان وزیر دفاع اور سرحدی امور کے سربراہ نے ایرانی کمانڈر اور ان کے وفد کا استقبال کیا.
ایرانی وفد کے اراکین اپنے افغان ہم منصبوں کے ساتھ اہم مسائل بالخصوص سرحدی سلامتی، انسداد منشیات اور دہشتگردی کی روک تھام کے حوالے سے مذاکرات کریں گے.
بریگیڈیئر جنرل قاسم رضایی کے وفد میں سنیئر پولیس حکام اور افغانستان سے ملحقہ دو ایرانی صوبے خراسان رضوی اور خراسان جنوبی کے اعلی عہدیدار بھی شامل ہیں.
اس دورے کا مقصد ایران افغان تعاون کے معاہدوں کے نفاذ کو حتمی شکل دینا اور سرحدی شعبے میں تعاون کو مزید بہتر بنانا ہے.