ایران نے دشمنوں کی سازشوں کو ہوشیاری کے ساتھ ناکام بنایا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پوری ہوشیاری کے ساتھ دشمنوں کی مختلف سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں ایک کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے دشمن ایران کے خلاف سازشوں میں لگے ہوئے ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام اور اسلامی جمہوری نظام نے پوری ہوشیاری کے ساتھ مختلف مراحل اور مواقع پر دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور انہیں ناکام بنایا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سامراج اور صہیونزم ایک طاقتور اور توانا اسلامی ایران کو اپنے مقاصد کے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی کہا کہ جب بھی ایران کے عوام نے علاقے اور عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی دشمن ایران کی طاقت اور علاقے میں اس کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے ایران کی عظیم قوم کے سامنے آگئے-
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام نے گذشتہ عشروں کے دوران بہت سے نشیب و فراز کا سامنا اور دشمنوں کے دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں امریکا کی وعدہ خلافیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے وقت سے ہی امریکیوں نے طرح طرح کے بہانے بنائے اور معاہدے کی خلاف ورزی کی تاکہ ایران کو اس معاہدے سے نکلنے پر مجبور کریں لیکن وہ اس سازش میں بھی ناکام رہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ملکوں نے ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کو غیر قانونی اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نیز بین الاقوامی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے-
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام کی اعلی ترین قیادت عوام اور حکام دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ہمیشہ کامیاب رہے ہیں اور آج کوئی بھی ہم پر ایٹمی پروگرام کے بہانے پابندیاں عائد نہیں کر سکتا-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے مدبرانہ اقدامات نے امریکی حکام کو مجبور کیا کہ وہ ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے لئے بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور ہوں-
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج ایران عالمی سطح پر سیاست اور قانون کے میدان میں کامیاب پوزیشن میں کھڑا ہے کہا کہ ایران کے عوام امریکا کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں کے اور وہ اپنی اقدار اور خود مختاری کا دفاع کریں گے-
انہوں نے ایرانی عوام کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے عوام اور اداروں کے درمیان ہر دور سے زیادہ اتحاد پایا جا رہا ہے اور دشمنوں کی خواہشوں کے برخلاف ایرانی عوام پوری طرح سے متحد ہیں-