ایرانی عوام غیر ملکی دباؤ کے سامنے کبھی نہیں جھکے، صدر حسن روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سوئیٹزر لینڈ میں مقیم ایرانیوں سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران کے عوام کبھی بھی غیر ملکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سوئیزرلینڈ میں مقیم ایرانیوں کو خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم ایرانیوں کو ایران کا نمائندہ قرار دیا اور ان سے کہا کہ وہ ایران کے حقائق بیان کر کے ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے عمل میں مدد کریں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کے دوران ایرانی عوام کی منطق ثابت ہو چکی ہے، کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد سے دنیا کے ملکوں کے ساتھ ایران کے اقتصادی اور سائنسی معاملات میں رونق آئی ہے اور مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جس میں بیرون ملک مقیم ایرانیوں کا بڑا حصہ ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے پر ایران اور دنیا کے مفادات کو مدنظر رکھ کر دستخط ہوئے تھے، کہا کہ ایران کی منطق تبدیل نہیں ہوئی ہے لیکن ایٹمی معاہدے کا ایک بے منطق فریق اس سے نکل گیا ہے جس کا مقصد ایرانی عوام پر دباؤ ڈالنا ہے-