Jul ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران کے بغیر علاقے کے مسائل کا حل ناممکن ہے، جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا ہے کہ علاقے کے مسائل کو ایران کے بغیر حل نہیں کیا جا سکتا-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ایران کے شمالی صوبے گلستان میں ایک پروگرام میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران ایران ایک طاقتور ملک میں تبدیل ہوا ہے اور ایران کی شمولیت کے بغیر علاقے کے مسائل کو حل کرنا ناممکن ہے-

جنرل سلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کے عوام کو دشمنوں کی دھمکیوں کا کوئی خوف نہیں ہے، کہا کہ دشمن یہ سمجھتے ہیں کہ پابندیوں اور اقتصادی دباؤ بڑھا کر ایرانی عوام کو اپنے مطالبات ماننے پر مجبو کر سکتے ہیں لیکن اسلامی انقلاب کی تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ اقتصادی دباؤ کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران ایک طاقتور ملک میں تبدیل ہو گیا ہے-

انہوں نے بہت سے مسائل کے حل میں ایران کی بے شمار توانائیوں اور صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا منصوبہ ایرانی عوام کو مایوس کرنا ہے لیکن ایرانی عوام کی ہوشیاری اور رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت، دشمنوں کو غلط استفادے کی اجازت نہیں دے گی-

جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ یہ ظاہر کرے کہ اسلامی جمہوری نظام کے لئے عوام کی حمایت کم ہو گئی ہے، جبکہ مختلف دشوار حالات میں عوام کی پرجوش موجودگی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ اسلامی انقلاب کے لئے عوامی حمایت اور پشتپناہی گذشتہ برسوں کے مقابلے میں اور زیادہ مضبوط ہوئی ہے-

 

ٹیگس