رہبر انقلاب، اسلامی ایران، اللہ کی توفیق سے روز بروز زیادہ مضبوط ہوتا جائے گا
مجرم غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں ایران کے بعض عوام، کمانڈروں اور ایٹمی سائنسدانوں کی شہادت کے چہلم کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامہ ای نے ایک پیغام جاری کیا ہے۔ رہبر انقلاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہادر اور ملک اور قوم کے وفادار کمانڈروں اور سائنسدانوں کو کھونا، ہر قوم کے لیے بہت سخت ہے، لیکن ان شاء اللہ فوجی اور سائنسی دونوں میدانوں میں ایران پہلے سے زیادہ تیز رفتاری سے بلند آفاق کی طرف آگے بڑھے گا۔
سحرنیوز/ایران: ظالم صیہونی حکومت کے ہاتھوں ایران کے بعض عوام، کمانڈروں اور ایٹمی سائنسدانوں کی شہادت کے چہلم کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام کا پورا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ایران کی سرفراز قوم!
ہمارے بعض عزیز ہم وطنوں کی شہادت کا چہلم، جن میں باکمال فوجی کمانڈر اور نمایاں ایٹمی سائنسداں بھی شامل تھے، آ پہنچا۔ یہ چوٹ، خبیث اور مجرم صیہونی حکومت کے سرغنہ گروہ نے، جو ایرانی قوم کا پست اور کینہ پرور دشمن ہے، پہنچائی ہے۔ بلاشبہہ شہید باقری، شہید سلامی، شہید رشید، شہید حاجی زادہ، شہید شادمانی جیسے کمانڈروں اور دیگر فوجی اہلکاروں اور اسی طرح شہید طہرانچی، شہید عباسی جیسے سائنسدانوں اور دیگر سائنسدانوں کو کھونا، ہر قوم کے لیے بہت سخت ہے لیکن احمق اور تنگ نظر دشمن اپنا ہدف حاصل نہیں کر سکا۔ مستقبل بتائے گا کہ فوجی اور سائنسی دونوں میدانوں میں ایران پہلے سے زیادہ تیز رفتاری سے بلند آفاق کی طرف آگے بڑھے گا، ان شاء اللہ۔
ہمارے شہیدوں نے خود وہ راستہ چنا تھا جس میں شہادت کے بلند مقام کے حصول کا خدشہ کم نہیں تھا اور آخرکار انھوں نے وہ چیز حاصل کر لی جو ہر فداکار کی آرزو ہوتی ہے۔ انھیں مبارک ہو لیکن ایران کے عوام کے لیے، خصوصاً شہیدوں کے اہل خانہ اور بالخصوص ان لوگوں کے لیے جو شہیدوں کو قریب سے جانتے تھے، ان کی جدائی سخت، تلخ اور سنگين ہے۔
اس واقعے میں کچھ روشن پہلو بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پہلا: شہیدوں کے پسماندگان کا صبر و تحمل اور مضبوط حوصلہ، جو اپنی اس نوعیت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے واقعات کے علاوہ کہیں دکھائی نہیں دیا۔ دوسرا: شہیدوں کے ماتحت اداروں کی استقامت اور ثابت قدمی، جنھوں نے اس بھاری چوٹ کے باوجود مواقع کو ضائع نہیں ہونے دیا اور اپنی حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی۔ تیسرا: ایرانی قوم کی معجزانہ استقامت کا پرشکوہ مظاہرہ، جو میدان میں ان کی شانہ بشانہ استقامت پر ان کے اتحاد، ذہنی استحکام اور ٹھوس عزم کی صورت میں سامنے آئی۔ اسلامی ایران نے اس واقعے میں ایک بار پھر اپنی بنیاد کے استحکام کا ثبوت پیش کیا۔ ایران کے دشمن لاحاصل کوشش کر رہے ہیں۔
اللہ کی اجازت سے اسلامی ایران، اللہ کی توفیق سے روز بروز زیادہ مضبوط ہوتا جائے گا۔
اہم بات یہ ہے کہ ہم اس حقیقت کی طرف سے اور اس ذمہ داری کی طرف سے، جو ہمارے کندھوں پر ہے، غفلت نہ کریں۔ قومی اتحاد کی حفاظت، ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ تمام شعبوں میں سائنسی و تکنیکی پیشرفت میں ضروری تیز رفتاری، سائنس کے میدان سے جڑے ہوئے اہم افراد کی ذمہ داری ہے۔ ملک و ملت کی عزت و آبرو کی حفاظت، قلم و زبان سے کام لینے والے افراد کی یقینی ذمہ داری ہے۔ ملک کو حفاظت، سلامتی اور قومی خود مختاری کے وسائل سے روز بروز لیس کرنا، فوجی کمانڈروں کی ذمہ داری ہے۔
ملک کے کاموں کے سلسلے میں سنجیدگي، ان پر نظر رکھنا اور انھیں عملی جامہ پہنانا، تمام انتظامی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ دلوں کی روحانی ہدایت، انھیں نورانی بنانا اور لوگوں کو صبر، سکون اور استقامت کی سفارش کرتے رہنا، علمائے دین کی ذمہ داری ہے اور انقلابی جوش و خروش اور شعور و جذبے کی حفاظت کرنا ہم سب کی، خاص طور پر جوانوں کی ذمہ داری ہے۔ خدائے عزیز و رحیم سب کو کامیاب کرے۔
ایرانی قوم پر درود ہو اور سلام ہو شہید جوانوں پر، شہید خواتین اور بچوں پر اور تمام شہیدوں اور ان کے غم رسیدہ اہل خانہ پر۔
والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
سید علی خامنہ ای
25 جولائي 2025