ارادوں کو عملی جامعہ پہنانے کی ضرورت: جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو بچانے کے لئے دوسرے فریقوں کے مضبوط عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں جوہری معاہدے کو بچانے سے متعلق دوسری فریقین کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے کو بچانے کا عزم واضح ہے تاہم اس عزم پر عمل کرنے کا وقت آگیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کل ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل 'یوکیا امانو' کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ اگر ایرانی عوام کو جوہری معاہدے کے ثمرات نہ ملے تو اس معاہدے میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن تھیں اور ہیں تاہم عالمی جوہری ادارے کے ساتھ تعاون سے متعلق تہران کو ہی فیصلہ کرنا ہے لہذا ایران اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہے جنہوں نے یہ صورتحال پیدا کی ہے۔