ایران میں داعشی دہشت گردوں کی گرفتاری
تہران کے چیف پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے بتیس ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تہران کے چیف پراسیکیوٹر عباس جعفری دولت آبادی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سولہ خواتین اور سولہ مرد شامل ہیں جنہوں نے داعش کے ہاتھوں تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شام میں داعش کے ہمراہ لڑنے والے یہ دہشت گرد ایران میں اپنے محفوظ ٹھکانے قائم کر کے دہشت گردی کی کاروائیاں انجام دینا چاہتے تھے تاہم ملک کے انٹیلی جینس اداروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔
تہران کے چیف پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے مقدمات متعلقہ عدالتوں کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
عباس جعفری دولت آبادی نے آٹھ دہشت گردوں کی پھانسی پر داعش کے ردعمل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دھمکیوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایران نے داعش پر غلبہ پا لیا ہے اور اب داعش اور اس کے حامیوں کو اپنے ناپاک عزائم کو آگے بڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
تہران کے چیف پراسیکیوٹر نے واضح کیا کہ داعشی دہشت گردوں کے کیس میں اصل مجرم حکومت امریکہ ہے جس نے خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے اس گروہ کو قائم کیا ہے اور اس کی حمایت کر رہا ہے۔