Jul ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کی پاکستان کے صدرسے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے اسلام آباد میں پاکستان کے صدر سے ملاقات کی اور ایران اور پاکستان کے مابین دفاعی اشیاء بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں کل رات اسلام آباد میں پاکستان کے صدرممنون حسین سے ملاقات کی اور مشترکہ اسلامی چیزیں بنانے کے عنوان سے ایران اور پاکستان کے مابین دفاعی اشیاء بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔

اس ملاقات میں پاکستان کے صدر ممنون حسین نے تہران اور اسلام آباد کے مابین تعاون خاص طور سے دفاعی اور سلامتی کے امورمیں باہمی تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین گہرے تعلقات علاقے میں امن و استحکام کے لئے ضروری ہیں۔

اس سے قبل ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات میں پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دفاعی اور فوجی ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا -

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے دفاعی تعاون کی سطح کو بڑھانے کو ضروری قراردیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کا تعاون علاقے میں امن و استحکام کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے -

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے پاکستان کے وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر تاکید کی۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ گزشتہ روزسرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔

ٹیگس